اطالیہ کی وزیراعظم نے سگریٹ نوشی چھوڑنے کا اعلان-اطالیہ کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سگریٹ نوشی ترک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے یہ بات فرانس میں ہونے والے جی سیون اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں بتائی۔
رپورٹس کے مطابق جارجیا میلونی ماضی میں کئی برس تک سگریٹ نوشی سے دور رہیں، تاہم بعد ازاں دوبارہ اس عادت کی جانب مائل ہو گئی تھیں۔ جی سیون اجلاس کے موقع پر گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ ماہ سے سگریٹ نوشی چھوڑ چکی ہیں۔
اجلاس میں موجود جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے مذاقاً سگریٹ کا ذکر کیا تو میلونی نے مسکراتے ہوئے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پرانی ویڈیو دوبارہ گردش کرنے لگی جس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان انہیں سگریٹ نوشی ترک کرنے کا مشورہ دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
رجب طیب اردوان تمباکو نوشی کے خلاف اپنے مؤقف کے باعث مشہور ہیں اور وہ مختلف مواقع پر عوام کو اس عادت سے دور رہنے کی تلقین کرتے رہے ہیں۔ میلونی کے حالیہ اعلان کو بھی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔