امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے،وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی ملاقات نہایت مثبت اور حوصلہ افزا رہی، جس میں امریکا نے پاکستان میں تجارت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔
نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ملاقات میں معیشت، انسداد دہشت گردی، معدنیات، مصنوعی ذہانت، آئی ٹی اور کرپٹو کرنسی جیسے اہم امور پر بات ہوئی۔ ان کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات کی قیمتوں کا شفاف تعین ہوگا جبکہ تجارتی معاہدے باہمی مفادات کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 6 تا 10 مئی کے دوران پاکستانی افواج نے بہادری سے بھارت کو جنگ میں شکست دی۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دانشمندی سے افواج پاکستان کی قیادت کی، دشمن کے سات طیارے مار گرائے گئے اور ہر محاذ پر اس کی حکمت عملی ناکام بنائی گئی، جس کے بعد جنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے اپنے دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 40 برسوں میں ایسا شاندار استقبال پہلی مرتبہ ملا۔
ملکی معیشت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو مہنگائی 32 فیصد تھی جو اب کم ہو کر سنگل ڈیجٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ ساڑھے 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ گیا ہے۔
انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا اصل سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2024-25 میں اوورسیز پاکستانیوں نے ساڑھے 38 ارب ڈالر وطن بھجوائے، جس سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔