تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے حالیہ حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ یہ کارروائی بحریہ اور ایرو اسپیس فورس کے مشترکہ آپریشن کے تحت اتوار کی صبح دو سے تین بجے کے درمیان کی گئی۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کویت میں علی السالم ایئر بیس اور بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر پورٹ سلمان کو نشانہ بنایا گیا، جس کے دوران آٹھ اہم فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
ایرانی حکام نے اس کارروائی کو امریکا کی جانب سے حالیہ حملوں کا "فیصلہ کن جواب” قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق امریکا نے اس سے قبل ایران کے پانچ ساحلی مقامات پر حملے کیے تھے، جو جنگ بندی اور دو طرفہ مفاہمتی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی امریکی جارحیت کا سخت اور بھرپور جواب دیا جائے گا، چاہے حملے کی نوعیت کچھ بھی ہو۔
دوسری جانب امریکی حکام نے ایرانی دعوؤں کی تصدیق نہیں کی ہے، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی برادری گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔