ایران کی طرف سے یو اے ای پر 4 کروز میزائل فائر کیے گئے-متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ملک کی جانب آنے والے چار کروز میزائلوں کو ایران کی طرف سے فائر کیا گیا تھا۔
سرکاری بیان کے مطابق ان میں سے تین میزائلوں کو اماراتی دفاعی نظام نے کامیابی سے تباہ کر دیا جبکہ ایک میزائل سمندر میں جا گرا۔ وزارتِ دفاع نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ادھر ایران کی جانب سے اس بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق فجیرہ کے آئل انڈسٹری زون میں ڈرون حملے کے بعد آگ لگنے کا واقعہ بھی پیش آیا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے سول ڈیفنس ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اس سے قبل دبئی میں ممکنہ میزائل خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں شہریوں کو موبائل فونز کے ذریعے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں اور مزید ہدایات کا انتظار کریں۔ بعد ازاں حکام نے صورتحال کو قابو میں قرار دیا، تاہم احتیاطی تدابیر جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔