تربیلا ڈیم ٹی-5 منصوبے کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا-تربیلا ڈیم کے ٹی-5 پاور پراجیکٹ کا حفاظتی بند ٹوٹنے کے باعث ٹنل فائیو میں پانی داخل ہوگیا، تاہم پراجیکٹ پر کام کرنے والے تمام پاکستانی اور غیر ملکی کارکنوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
واقعے کے دوران ایک پاکستانی کارکن پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا تھا، جسے ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محفوظ نکال لیا۔ حکام کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد کے مطابق حفاظتی بند ٹوٹنے کے واقعے کے بعد منصوبے پر جاری کام غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب واپڈا کا کہنا ہے کہ کھدائی کے دوران کمزور چٹان گرنے کے باعث پانی ٹنل میں داخل ہوا۔ واقعے سے تربیلا ڈیم کی مرکزی ٹنل اور پاور ہاؤس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔





