حسینہ واجد کی وطن واپسی کی درخواست مسترد-شیخ حسینہ واجد مفرور مجرم ہیں اور بنگلادیش کا بھارت کے ساتھ حوالگی کا معاہدہ موجود ہے
بنگلادیش نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست مسترد کر دی، جس کے بعد ان کی وطن واپسی کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔
بنگلادیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ جاری نہیں کرتا۔ ان کے مطابق شیخ حسینہ واجد مفرور مجرم ہیں اور بنگلادیش کا بھارت کے ساتھ حوالگی کا معاہدہ موجود ہے، جس کے تحت ڈھاکا چاہتا ہے کہ نئی دہلی انہیں بنگلادیش کے حوالے کرے۔
ہمایوں کبیر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کیا بنگلادیش کو شیخ حسینہ کے ساتھ ایک عام مسافر جیسا سلوک کرتے ہوئے انہیں وطن واپس آنے کی دعوت دینی چاہیے؟
دوسری جانب شیخ حسینہ واجد نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا تھا کہ وہ بھارت میں جلاوطنی ختم کرکے بنگلادیش واپس آنا اور عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہتی ہیں۔ ان کے معاونین کے مطابق ضروری دفتری اور قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے گزشتہ سال نومبر میں طلبہ تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے الزام میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ تاہم شیخ حسینہ ان الزامات کو مسترد کرتی رہی ہیں۔





