ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک بار پھر جنگ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کرنے کی حمایت کرتے ہوئے امریکہ کو بات چیت کی پیشکش کی ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ ایران عزت اور احترام کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے اختلافات ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق اگر بات چیت کے ذریعے ایران کے حقوق حاصل کیے جا سکتے ہیں تو جنگ میں کودنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران مذاکرات اور منطق پر یقین رکھتا ہے، تاہم طاقت کے استعمال اور دھمکیوں کے سامنے کسی صورت سر تسلیم خم نہیں کرے گا۔
ایرانی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے خدشات بڑھ رہے ہیں اور تنازع کو سفارتی طریقے سے حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب قطر کے وزیراعظم بھی واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تنازع اور سفارتی حل کے امکانات پر بات چیت ہو سکتی ہے۔
ادھر ایران کی جانب سے تنازع ختم کرنے کے لیے پیش کیے گئے منصوبے پر تہران اور واشنگٹن کے حکام کے درمیان اختلافات برقرار ہیں، جس کے باعث مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔





