ہنگو میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ،ایک اہلکار شہید،3 اغوا-نماز جنازہ کے بعد شہید کانسٹیبل فیروز علی کا جسد خاکی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں ابراہیم زئی روانہ کردیا گیا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں شاہ الماس پیر پہاڑی پر قائم پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ حملہ آور تین اہلکاروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جہاں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی نے بتایا کہ حملہ آور اغوا کیے گئے تینوں پولیس اہلکاروں کو سمانہ پہاڑی کے علاقے خانانو کوٹہ کی جانب لے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے شاہ الماس پیر پہاڑی پر قائم چوکی کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش اور تعاقب جاری ہے۔
دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے کانسٹیبل فیروز علی کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی سمیت پاک فوج اور پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نماز جنازہ کے بعد شہید کانسٹیبل فیروز علی کا جسد خاکی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں ابراہیم زئی روانہ کردیا گیا۔





