ڈاکٹر سدرۃ المنتہیٰ پاکستان کی پہلی پیڈیاٹرک سرجیکل آنکولوجسٹ بن گئیں-ان کی اس کامیابی کو بچوں کے کینسر کے علاج کے شعبے میں ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی شعبۂ طب میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا، ڈاکٹر سدرۃ المنتہیٰ ملک کی پہلی پیڈیاٹرک سرجیکل آنکولوجسٹ بن گئی ہیں۔ ان کی اس کامیابی کو بچوں کے کینسر کے علاج کے شعبے میں ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر سلیم فیض کی صاحبزادی ڈاکٹر سدرۃ المنتہیٰ اس وقت چلڈرن ہسپتال لاہور میں اسسٹنٹ پروفیسر پیڈیاٹرک سرجری کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے امریکا کے شہر میمفس میں قائم معروف سینٹ جوڈ چلڈرنز ریسرچ ہسپتال سے پیڈیاٹرک سرجیکل آنکولوجی میں خصوصی فیلوشپ مکمل کی ہے۔
پیڈیاٹرک سرجیکل آنکولوجی طب کا ایک انتہائی تخصصی شعبہ ہے، جس میں کینسر میں مبتلا بچوں کے پیچیدہ آپریشن اور سرجیکل علاج کے لیے خصوصی مہارت حاصل کی جاتی ہے۔
ڈاکٹر سدرۃ المنتہیٰ کی یہ تربیت پاکستان میں بچوں کے کینسر کے علاج کی سہولیات اور طبی مہارت میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کی کامیابی پاکستانی خواتین کی صلاحیت، محنت اور عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے، جو طب کے مشکل ترین شعبوں میں عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہی ہیں۔





