مظفرآباد (پی آئی ڈی )وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی حیثیت یا مالیاتی خودمختاری پر کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا،ریاست کی حیثیت تبدیل کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے،آزاد کشمیر کی حیثیت بدلنے بارے سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان برپا ہے،
سٹیٹس کو بنیاد بنا کر واویلا کرنیوالوں کے پاس کوئی معلومات یا شوائد ہیں تو ہمیں بتائیں،ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیں جن سے ریاست میں انتشار کو ہوا ملے،اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر افتخارگیلانی نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم افتخارگیلانی نے کہاکہ رٹھوعہ ہریام پل کا کام ننانوے فیصد مکمل ہو چکا ہے جلد وزیراعظم پاکستان اسکا افتتاح کریں گے۔میرپور تعلیمی بورڈ کی بہتری کیلئے کیمرج یونیوسٹی بورڈ سے MoU کرنے جارہے ہیں،
انشاء اللہ میرپور بورڈ پاکستان کا سب سے بہترین بورڈ بنے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ سبسڈائزڈ آٹے کی کوالٹی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا،آٹے پر تقریبا اتنی سبسڈی دی جاتی ہے جتنا آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرپور بورڈ ریاست کا ادارہ ہے اس حوالہ سے ڈویژن یا ضلعی تفریق سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے۔





