میرے مواخذے کی کوشش ہوئی تو ڈیموکریٹس کی جماعت تباہ ہو جائے گی،ٹرمپ-امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس نے ان کا مواخذہ کرنے کی کوشش کی تو اس کے نتیجے میں ان کی اپنی جماعت کو شدید نقصان اٹھانا پڑے گا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکنز کی مڈٹرم انتخابات میں شکست کی بڑی وجہ ایران جنگ کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت اپنی مقبولیت انتخابی امیدواروں تک منتقل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ خود انتخابی میدان میں ہوتے تو ری پبلکن امیدوار کامیاب ہوجاتے۔ انہوں نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مختلف معاملات پر اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات بہتر رہیں گے۔
امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ ڈیموکریٹس قاتلوں کو تحفظ دینا چاہتے ہیں، تاہم ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ڈیموکریٹس نے ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کی تو ان کی جماعت تباہ ہوجائے گی۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی انتخابی شکست پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں ایران جنگ کو ناکامی کی اہم وجہ قرار دیا۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے باعث ری پبلکنز کو سینیٹ میں نقصان اٹھانا پڑا اور صدر ٹرمپ نے بھی انتخابی شکست کی ایک بڑی وجہ ایران جنگ کو قرار دیا ہے۔
نائب صدر نے اعتراف کیا کہ انتخابی نتائج غیر متوقع تھے اور ان سے پارٹی کو شدید دھچکا لگا۔ ان کے مطابق اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور مہنگائی بھی ری پبلکنز کی شکست کی وجوہات میں شامل ہیں۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ انتخابی ناکامی کے بعد پارٹی کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ شکست کی ذمہ داری صرف ووٹرز کے ٹرن آؤٹ پر ڈالنا درست نہیں، بلکہ اصل مسئلہ ٹرمپ کے سابق حامیوں کی ناراضی بھی ہے۔
ری پبلکنز کی انتخابی ناکامی کے بعد پارٹی کے اندر پالیسیوں، ایران جنگ اور اسرائیل سے تعلقات کے حوالے سے نئی بحث شروع ہونے کا امکان ہے۔





