واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیے تو عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں انہوں نے جرمنی کی ایران پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض یورپی قیادت اس معاملے کی سنگینی کو درست طور پر نہیں سمجھ رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری صلاحیت حاصل ہونے کی صورت میں دنیا غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو سکتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے معاملے پر سخت اقدامات کر رہے ہیں اور ان کے مطابق یہ اقدامات ماضی میں ہی کیے جانے چاہیے تھے۔ انہوں نے جرمنی کی معاشی کارکردگی پر بھی تنقیدی تبصرہ کیا۔
دوسری جانب جرمن حکام کی جانب سے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اس بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آبی گزرگاہ کی بندش عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کو متاثر کر سکتی ہے، جس سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی معیشت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ سمندر میں موجود جہازوں اور عملے کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔