ترکیہ کی لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل متین ٹوکل کا پاکستان کا دورہ، جی ایچ کیو میں اہم ملاقات
راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ترکیہ کی لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل متین ٹوکل کے درمیان جی ایچ کیو راولپنڈی میں اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں فوجی رہنماؤں نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی سلامتی کے امور اور مشترکہ عسکری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ترکیہ کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ روایتی فوجی رسومات بھی ادا کی گئیں۔
دونوں ممالک کے اعلیٰ فوجی افسران کی موجودگی میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی مفادات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل عرصے سے جاری دفاعی تعلقات کو اس ملاقات کے ذریعے مزید تقویت دینے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔
یہ دورہ خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے عسکری روابط اور مختلف ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطحی دفاعی رابطوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔