بریانی اور تربوز کھانے کے بعد 4 افراد کی پراسرار موت-بھارت کے شہر ممبئی کے علاقے بھنڈی بازار میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک ہی خاندان کے چار افراد چند گھنٹوں کے اندر جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے کو مشتبہ فوڈ پوائزننگ سے جوڑا جا رہا ہے، تاہم اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 40 سالہ تاجر عبداللہ قادر نے ہفتے کی رات اپنے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں کے ساتھ بریانی اور پلاؤ کھایا۔ دعوت کے بعد تمام مہمان اپنے گھروں کو واپس چلے گئے جبکہ عبداللہ اپنی اہلیہ نسرین اور دو بیٹیوں کے ساتھ گھر لوٹ آئے۔
رات گئے تقریباً ایک بجے خاندان نے میٹھے کے طور پر تربوز کھایا، جس کے بعد صبح کے وقت اچانک تمام افراد کی حالت خراب ہو گئی۔ متاثرہ افراد کو شدید قے، دست اور جسمانی کمزوری کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سب سے پہلے کم عمر بیٹی زینب جانبر نہ ہو سکی، اس کے بعد والدہ نسرین اور بڑی بیٹی عائشہ بھی دم توڑ گئیں، جبکہ بعد میں خاندان کے سربراہ عبداللہ قادر بھی چل بسے۔
ڈاکٹروں کے مطابق متاثرہ افراد شدید ڈی ہائیڈریشن اور جسمانی کمزوری کا شکار تھے، تاہم ماہرین اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعہ صرف خوراک کی خرابی کا نتیجہ تھا یا کسی زہریلے مادے کا اثر بھی شامل تھا۔
پولیس نے گھر سے بچا ہوا تربوز تحویل میں لے کر فرانزک لیبارٹری بھیج دیا ہے جبکہ تمام لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ حکام واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں اور حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔