غزہ میں جنگ بندی کے بعد بھی اسرائیلی فورسز کی جانب سے حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا، جس کے نتیجے میں اب تک 780 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق پیر کے روز مختلف علاقوں میں اسرائیلی کارروائیوں میں مزید پانچ فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی شہر خان یونس میں پولیس چوکی پر گولہ باری کے نتیجے میں تین افراد شہید ہوئے۔
اسی طرح وسطی علاقے کے البریج پناہ گزین کیمپ میں ڈرون حملے کے دوران مزید افراد کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایک اور شہری شمالی غزہ شہر کے زیتون محلے میں گول چکر پر حملے میں جان سے گیا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں جنگ بندی پر رضامندی کے باوجود اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں، جس کے باعث مجموعی شہادتوں کی تعداد 780 سے تجاوز کر چکی ہے۔