کیوبا پر 64 سالہ اقتصادی ناکہ بندی پر ایران کا سخت ردعمل آگیا۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باغائی نے کیوبا کے خلاف اقتصادی ناکہ بندی اور دباؤ میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیوبا کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
ترجمان نے امریکی حکومت کی طرف سے کیوبا پر 64 سال سے جاری اقتصادی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں کے سنگین انسانی اور مادی نتائج برآمد ہوئے ہیں اور کیوبا کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ کیوبا پر عائد اقتصادی پابندیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں، خاص طور پر لوگوں کے حق خود ارادیت، قومی خودمختاری کے احترام، اور ریاستوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی ممانعت کے اصولوں کی۔
اسماعیل باغائی نے مزید کہا کہ امریکہ کو ان اصولوں کی مسلسل خلاف ورزی اور کیوبا کے عوام کے انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے، جو کہ انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہیں۔