پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دورے کے لیے 16 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔ سلیکشن کمیٹی نے پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے دورے کے شیڈول اور کھلاڑیوں کی تفصیلات بھی جاری کیں۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، عبداللہ فضل، علی عثمان، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری، ساجد خان، سلمان علی آغا، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں۔
قومی ٹیم اپنے دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے کرے گی۔ شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم اپ میچ کھیلے گی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک اسی مقام پر ہوگا۔
سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اگر سعود شکیل مکمل فٹ ہو گئے تو وہ انگلینڈ کے مرحلے میں ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران سلیکٹر عاقب جاوید نے قومی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دورے میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی مسلسل ٹیم کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے، جبکہ مصباح الحق اور سرفراز احمد بھی حالیہ عرصے میں کمیٹی کا حصہ بنے ہیں۔