ایران کا نیا ریڈار سسٹم تباہ کر دیا، ٹرمپ کا ایک اور دعویٰ-امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران، پاک بھارت کشیدگی اور امریکی داخلی سیاست سے متعلق متعدد اہم دعوے کیے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران ان کے بقول امریکا کی بیشتر اہم شرائط تسلیم کرنے پر آمادہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کا نیا ریڈار سسٹم تباہ کر دیا گیا ہے اور اب ملک کے پاس مؤثر ریڈار نظام موجود نہیں۔
ٹرمپ نے گفتگو کے دوران پاک بھارت کشیدگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی لڑائی میں مجموعی طور پر 11 طیارے گرائے گئے۔ ان کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ جنگ کے خاتمے سے کروڑوں لوگوں کی جانیں محفوظ رہیں۔
امریکی صدر نے اپنی گفتگو میں امریکی سیاست پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ سمجھنا مشکل ہے کہ کوئی یہودی ووٹر ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت کیوں کرے گا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت بہت زیادہ رہی۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی متعدد مواقع پر یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور جنگ بندی میں کردار ادا کیا تھا۔