انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی کے لیے کوالیفکیشن نظام اور ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ تقریباً 128 برس بعد کرکٹ دوبارہ اولمپکس کا حصہ بنے گی، جبکہ پہلی بار آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 بھی منعقد کیا جائے گا۔
اعلان کے مطابق مردوں اور خواتین دونوں کے ٹی20 مقابلوں میں چھ، چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پانچ ٹیمیں عالمی درجہ بندی اور موجودہ بین الاقوامی کارکردگی کی بنیاد پر براہ راست کوالیفائی کریں گی، جبکہ آخری نشست کے لیے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 کا انعقاد ہوگا۔
خواتین کے مقابلوں کے لیے آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقا ابتدائی طور پر اولمپکس میں جگہ بنا چکے ہیں۔ آئی سی سی نے براعظمی نمائندگی کے اصول کے تحت واضح کیا ہے کہ ہر براعظم سے صرف ایک ٹیم براہ راست شرکت کر سکے گی۔
آئی سی سی نے یہ بھی واضح کیا کہ ویسٹ انڈیز چونکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے تحت ایک الگ نیشنل اولمپک کمیٹی کی حیثیت نہیں رکھتا، اس لیے مشترکہ ٹیم کے طور پر اولمپکس میں حصہ نہیں لے سکے گا۔ تاہم اگر مقررہ شرائط پوری ہوئیں تو کیریبین ممالک کے درمیان علیحدہ کوالیفائنگ مقابلے کرائے جا سکتے ہیں۔
میزبان امریکا کو بھی اولمپکس میں شرکت کے لیے آئی سی سی کی مقررہ ٹی20 رینکنگ کا معیار حاصل کرنا ہوگا۔ اگر وہ اس شرط پر پورا نہ اترا تو اس کی جگہ اگلی اہل ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق 2027 کے اولمپکس کوالیفائر میں مردوں اور خواتین کے ایونٹس میں آٹھ، آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ ان مقابلوں کے شیڈول اور میزبان ملک کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کھیل کی عالمی مقبولیت بڑھانے کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے، جس سے نئے ممالک، نئے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
اولمپکس 2028 میں ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ تمام میچز لاس اینجلس کے علاقے پومونا میں خصوصی طور پر تعمیر کیے جانے والے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جہاں مردوں اور خواتین کے ایونٹس میں مجموعی طور پر 28 مقابلے ہوں گے۔