ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.01 🇪🇺 یورو ₨316.52 🇬🇧 پاؤنڈ ₨368.85 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.14 🇦🇪 درہم ₨75.70 🇨🇳 چینی یوان ₨40.88

پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

👁️ 2 مرتبہ پڑھا گیا

پاکستان تحریک انصاف نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں انتخابات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ سیاسی حکمت عملی کے بجائے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق آزاد کشمیر اس وقت سیاسی اور انسانی مسائل سے دوچار ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں عوام اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور دھرنے دے رہے ہیں۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ ایسے حالات میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں، گرفتاریاں، اظہارِ رائے پر پابندیاں اور میڈیا پر قدغنیں انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھاتی ہیں، اس لیے موجودہ ماحول میں انتخابات میں حصہ لینا مناسب نہیں سمجھا گیا۔

پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کے مسائل کو مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے، انتخابی شیڈول پر نظرثانی کی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں اور آزادانہ انتخابی ماحول فراہم کیا جائے۔

پارٹی نے مزید اعلان کیا کہ پارلیمانی بورڈ کی جانب سے امیدواروں کی نامزدگی سے متعلق تمام سفارشات فی الحال معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ ٹکٹوں کے اجرا کا عمل بھی آئندہ فیصلے تک مؤخر رہے گا۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ آزاد، منصفانہ اور پرامن سیاسی ماحول کی بحالی تک اس کی سیاسی جدوجہد کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کے لیے جاری رہے گی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔