عرب اخبار الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے تحت اجتماعی دفاع سے متعلق وعدوں پر عمل درآمد کا مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کو دفاعی ضروریات کے مطابق فوجی اہلکار، عسکری صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے مطابق پاکستانی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن میں دفاعی تعاون، مشترکہ فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد مکہ دفاعی اتحاد کے تحت ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت شروع ہوئی ہے۔ پاکستان نے سعودی شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے 26 اکتوبر کو تہران میں ایران کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں موجودگی پاکستان کے مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔





