این سی سی آئی اے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کی رائے اہم ہے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے بہترین راستہ عوام سے رائے لینا ہے، اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں ہوں گے تو وہ بھی عوامی فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت کا نئے صوبوں کے حوالے سے اپنا مؤقف ہے۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں ان کے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔ اس معاملے پر کوئی فیصلہ اختلافات کے ذریعے نہیں ہوگا بلکہ تمام فریقین کی رضامندی ضروری ہے۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہل خانہ سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ ایک دو روز سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں، تاہم انہیں جو قانونی حق حاصل ہے اور عدالت سے جو ریلیف ملے گا، وہی دیا جائے گا۔ باقی معاملات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ خواتین اور بچیوں کو آن لائن بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ آن لائن فراڈ کے زیادہ تر واقعات میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزارت داخلہ میں موجود بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ کرپٹ افراد کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف بھی اقدامات کیے جا سکیں۔
اسلام آباد میں زمینوں پر قبضے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شہر کی اراضی پر جس بے رحمی سے قبضے کیے گئے ہیں، اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔





