مواد پر جائیں
تازہ ترین
تازہ ترین

موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو قرض نہیں گرانٹ دی جائے،وزیراعظم شہباز شریف

تحریر: muhammad aamir پڑھنے کا وقت: 9 منٹ 1
موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو قرض نہیں گرانٹ دی جائے،وزیراعظم شہباز شریف
موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو قرض نہیں گرانٹ دی جائے،وزیراعظم شہباز شریف
انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کے بجائے گرانٹ کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جائے، جبکہ ماحولیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے لچک پیدا کرنے اور موافقت کے فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا جائے۔

ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر کوششیں ضروری ہیں، لیکن یہ ایک منصفانہ عالمی ردعمل کا متبادل نہیں ہو سکتیں۔ قدرتی آفات کے وقت کمزور ممالک کو بروقت امداد اور ایسے مالی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے جو ان کے قرضوں کا بوجھ مزید نہ بڑھائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور صاف توانائی کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہا ہے، تاہم عالمی سطح پر بھی مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے گرانٹ پر مبنی مالی معاونت فراہم کی جائے اور موسمیاتی لچک و موافقت کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے، کیونکہ کمزور معیشتوں کے لیے یہ فنڈز بقا کی اہمیت رکھتے ہیں۔

پاکستان میں صاف توانائی کے فروغ کے اقدامات

شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کا تقریباً 55 فیصد حصہ صاف توانائی کے ذرائع سے پورا ہو رہا ہے۔ ملک میں برقی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ 2035 تک متوقع کاربن اخراج میں تقریباً 50 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے صرف دو سال میں چھتوں پر شمسی توانائی کے تقریباً 22 گیگاواٹ اضافی پیداواری نظام کی تنصیب کی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق یہ عام شہریوں کی جانب سے سستی بجلی اور صاف ماحول کے حصول کے لیے شروع ہونے والی ایک بڑی تبدیلی ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم نے صاف توانائی کی منتقلی سے متعلق اعلیٰ سطحی مکالمے میں بھی شرکت کی تھی، جس کا عنوان ’’35 بائی 35: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘‘ تھا۔ اس موقع پر انہوں نے 2035 تک بجلی کے استعمال کو مجموعی توانائی کھپت میں تقریباً 35 فیصد تک بڑھانے کے عالمی عہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔

بونیر کے سیلاب کا واقعہ عالمی برادری کے سامنے رکھ دیا

وزیراعظم نے خطاب کے دوران اگست 2025 میں خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں آنے والے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے ایک متاثرہ خاندان کی دردناک کہانی بیان کی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک نوجوان اپنی شادی سے صرف دو روز پہلے تھا کہ اچانک آنے والے سیلاب نے اس کے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جہاں ایک گھر میں شادی کی تیاریاں ہو رہی تھیں، وہاں خوشیوں کا ماحول ماتم میں بدل گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس خاندان کا دکھ ذاتی ضرور تھا، لیکن اس سانحے کے پیچھے موجود خطرے کی نشانیاں عالمی نوعیت کی تھیں۔ پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے لاکھوں افراد اسی طرح کے حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی میں سب سے کم کردار ادا کرنے والے ممالک اور ان کے عوام اس کے بدترین نتائج بھگت رہے ہیں۔

2022 کے سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد نقصان ہوا

وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس قدرتی آفت میں 1700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ملکی معیشت کو 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 2022 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران بھی انہوں نے خبردار کیا تھا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیش آنے والے واقعات صرف پاکستان تک محدود نہیں رہیں گے۔

وزیراعظم کے مطابق بدقسمتی سے اس وقت دی گئی تنبیہ آج ایک تلخ حقیقت بن چکی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سرحدوں کی پابند نہیں اور کوئی بھی ملک تنہا اس بحران کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یکجہتی کا مطلب محض بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہونا چاہیے۔

پانی کو ہتھیار بنانے کے خلاف خبردار

شہباز شریف نے عالمی رہنماؤں کو پانی کے وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے خطرات سے بھی خبردار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ اپنے اقدامات سے زیریں علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں اور روزگار کو خطرے میں ڈالے۔ پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدوں پر ان کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد ضروری ہے۔

وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں 2010 اور 2022 کے سیلاب کے دوران ترکیہ نے جس طرح تعاون کیا، پاکستان اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر شہباز شریف نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کی کامیابی کا اندازہ ان وعدوں سے نہیں بلکہ اس بات سے لگایا جانا چاہیے کہ انہوں نے کتنے خاندانوں کو تحفظ فراہم کیا، کتنے وسائل متاثرہ ممالک تک پہنچائے اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے کتنے مستقل اقدامات کیے۔

وزیراعظم کی سوڈان، فن لینڈ اور عراق کے صدور سے ملاقاتیں

کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں، جن میں پاکستان کے سفارتی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور موسمیاتی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سوڈان کے صدر سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے سوڈان کی عبوری خودمختاری کونسل کے صدر جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے سوڈان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اس کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور بالخصوص ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

فن لینڈ کے صدر سے ملاقات

وزیراعظم نے فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ہنرمندی، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تحفظ اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان میں فن لینڈ کی کمپنیوں کی موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ اس سلسلے میں ٹیلی کمیونی کیشن، جدید صنعت، صاف ٹیکنالوجی اور معدنیات کے شعبوں کو اہم قرار دیا گیا۔

ملاقات میں سیلاب کی پیش گوئی، پانی کے بہتر انتظام، موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت رکھنے والی زراعت، گلیشیئرز کی نگرانی اور قبل از وقت وارننگ کے نظام میں فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے استفادے پر بھی بات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے یوکرین اور مغربی ایشیا کے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فن لینڈ کے صدر نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور رابطوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا، جبکہ وزیراعظم نے صدر الیگزینڈر اسٹب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

عراق کے صدر سے ملاقات

شہباز شریف نے عراق کے صدر نزار محمد سعید العمیدی سے بھی ملاقات کی اور انہیں پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد اور نئی حکومت کے قیام پر مبارک باد دی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے عراق کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی اتحاد اور استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عراق کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت، تعمیر نو، زراعت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم نے پاکستانی زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور صدر العمیدی کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

عالمی رہنماؤں کی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت

کوپ 31 میں تقریباً 200 ممالک کے وفود شریک ہیں، جہاں عالمی حدت میں اضافے، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی اور فوسل فیول سے صاف توانائی کی جانب منتقلی جیسے اہم معاملات زیر بحث ہیں۔

کانفرنس کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا سمیت متعدد عالمی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنگوں کے باعث صرف انسان ہی نہیں بلکہ قدرتی ماحول بھی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ماحولیاتی تباہی بھی قرار دیا۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی رہنماؤں کو خبردار کیا کہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کوششیں سست روی کا شکار ہیں اور دنیا تباہی کے راستے پر آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتا ہوا کاربن اخراج، عالمی درجہ حرارت میں اضافہ اور موسمیاتی آفات کی شدت اس بات کا ثبوت ہیں کہ بحران تیزی سے سنگین ہو رہا ہے۔ تاہم سائنس دنیا کو ہار ماننے کے بجائے مزید مؤثر اقدامات کرنے کا پیغام دے رہی ہے۔

امریکا مسلسل دوسرے سال عالمی ماحولیاتی مذاکرات میں شریک نہیں ہوا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2025 میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد موسمیاتی تعاون سے متعلق عالمی معاہدے سے امریکا کو الگ کر چکے ہیں۔

کانفرنس میں شریک ممالک عالمی سطح پر بجلی کے استعمال میں اضافے اور فوسل فیول پر انحصار کم کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق رائے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شیئر کریں:واٹس ایپایکسٹیلیگرام

اپنی رائے لکھیں