شیخ حسینہ کا بنگلہ دیشی حکام سے رابطہ-بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے بھارت میں قیام ختم کرکے وطن واپسی کی جانب اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیشی حکام سے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے لیے باضابطہ درخواست دے دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2024 میں عوامی احتجاج کے نتیجے میں اقتدار چھوڑنے اور بھارت منتقل ہونے کے بعد موجودہ بنگلہ دیشی حکومت سے شیخ حسینہ کا یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔ ان کی جانب سے دستاویزات کے حصول کی درخواست کو رواں سال دسمبر میں وطن واپسی کی ممکنہ تیاریوں سے جوڑا جا رہا ہے۔
لندن میں قائم قانونی ادارے میٹرکس چیمبرز کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان کو خط ارسال کیا ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ حسینہ کے سابقہ پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کی منسوخی کی اطلاعات کے بعد انہیں نئی دستاویزات جاری کی جائیں۔
وکلا نے درخواست کی ہے کہ شیخ حسینہ کی بنگلہ دیشی شہریت اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت حاصل قانونی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے دستاویزات کے اجرا کا عمل فوری مکمل کیا جائے۔
اس معاملے پر نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی نمائندہ پریتی رحمان اور ڈھاکہ میں وزیراعظم طارق رحمان کے ترجمانوں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کو ان کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد کالعدم قرار دیا جا چکا ہے۔ جماعت کے متعدد سابق رہنما اور وزرا جیلوں میں قید ہیں، جبکہ کئی رہنما بھارت سمیت دیگر ممالک میں مقیم ہیں۔





