جاپان میں جرابوں کی قیمت بڑھانے پر احتجاج-جاپانی کپڑوں کی معروف کمپنی یونیکلو نے صارفین کی ناراضی کے بعد عام جرابوں کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کے اثرات جاپان کی معیشت پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں تیل کی درآمد اور ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث اشیا کی پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے۔ مہنگائی سے پریشان صارفین معمولی قیمتوں میں اضافے پر بھی احتجاج کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جاپانی کپڑوں کی معروف کمپنی یونیکلو نے صارفین کی ناراضی کے بعد عام جرابوں کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
اسی طرح ریستورانوں کی چین سیزرز کو اپنی ایک مقبول ڈش کی قیمت میں صرف 20 ین، یعنی تقریباً 13 امریکی سینٹ اضافے پر صارفین سے معذرت کرنا پڑی۔
جاپان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو توانائی کی ضروریات کے لیے درآمدات پر انحصار کرتے ہیں۔ یوکرین جنگ کے بعد سے ہی ملک کو مہنگائی کا سامنا تھا، تاہم ایران جنگ اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت متاثر ہونے کے باعث کاروباری اخراجات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیداواری اور ترسیلی لاگت بڑھنے کے باوجود جاپان کی متعدد کمپنیاں صارفین کھونے کے خدشے کے پیش نظر اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے گریز کر رہی ہیں۔





