دیر آپریشن:10 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک،7 جوان شہید
راولپنڈی – پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لوئر دیر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 10 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائی کے دوران وطن کے 7 بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہداء میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، سپاہی محمد امجد، سپاہی محمد داؤد اور سپاہی فضل قیوم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء نے اپنی جانیں قربان کر کے خوارج کے ہاتھوں یرغمال معصوم شہریوں کو بچایا۔ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق اس گھناؤنے فعل میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کو توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے ناسور کے خلاف عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔