پاک بحریہ کے تین کموڈور ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی پا گئے
پاک بحریہ کے کموڈور محمد شاہنواز خان، کموڈور عاصم سہیل ملک اور کموڈور سہیل احمد عزمی کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ریئر ایڈمرل محمد شاہنواز خان نے 1993ء میں سپلائی برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور اپنے کیریئر کے دوران مختلف کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ اس وقت وزارت دفاعی پیداوار اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل میونیشن پروڈکشنز کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
ریئر ایڈمرل عاصم سہیل ملک نے 1995ء میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان اور بیرون ملک سے اعلیٰ فوجی تعلیم حاصل کر چکے ہیں اور مختلف اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس وقت وہ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں DGC4I کے عہدے پر فائز ہیں۔
ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے 1996ء میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ رائل نیول کالج برطانیہ، پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔ اپنے کیریئر میں وہ مختلف کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں پر ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور اس وقت لاہور میں کمانڈر سینٹرل پنجاب اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
تینوں افسران کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا ہے۔