امریکا نے دوبارہ جنگ چھیڑی تو بھرپور جواب دیں گے،عباس عراقچی کی وارننگ-امریکی ووٹرز اپنا فیصلہ دے چکے ہیں اور اب وائٹ ہاؤس کو اپنی پالیسی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرنا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ فوجی کارروائی کا راستہ اختیار کیا تو ایران خاموش نہیں رہے گا بلکہ بھرپور جوابی کارروائی کرے گا۔ تہران نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ خطے میں امریکی مفادات اور تنصیبات بھی ایرانی حملوں کا نشانہ بن سکتی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی ووٹرز اپنا فیصلہ دے چکے ہیں اور اب وائٹ ہاؤس کو اپنی پالیسی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرنا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق تہران کی جانب سے پیش کردہ تجویز اب بھی قابل عمل ہے۔ اس کے تحت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے سے متعلق شرائط پوری ہونے کی صورت میں مثبت پیش رفت کی گنجائش موجود ہے۔
عباس عراقچی نے واضح کیا کہ اگر امریکا نے ایک مرتبہ پھر جنگ مسلط کرنے کا فیصلہ کیا تو ایران اس کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی فوجی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امریکی اہداف صرف فوجی اڈوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ دیگر مقامات پر بھی امریکی مفادات موجود ہیں، جو کسی نئی جنگ کی صورت میں ایرانی کارروائیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔
عباس عراقچی کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ ایران ایک جانب سفارتی حل کے لیے اپنی تجویز برقرار رکھے ہوئے ہے، تاہم امریکی فوجی کارروائی کی صورت میں سخت ردعمل دینے کا عندیہ بھی دے رہا ہے۔





