مواد پر جائیں
تازہ ترین
تازہ ترین

ریاض میں آرامکو کے مرکزی دفتر پر حوثیوں کا حملہ

تحریر: muhammad aamir پڑھنے کا وقت: 3 منٹ 2
ریاض میں آرامکو کے مرکزی دفتر پر حوثیوں کا حملہ
ریاض میں آرامکو کے مرکزی دفتر پر حوثیوں کا حملہ

ریاض میں آرامکو کے مرکزی دفتر پر حوثیوں کا حملہ،عمارتوںکے شیشے ٹوٹ گئے-سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی تیل کمپنی آرامکو کے مرکزی دفتر کو حوثیوں کے حملے میں نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں عمارت کی کئی منزلوں کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سعودی وزارت توانائی کے مطابق حملے سے عمارت کو محدود نوعیت کا نقصان پہنچا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے علی الصبح ریاض کی جانب داغے گئے حوثی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے مشرقی صوبے میں بھی ایک میزائل روکنے کی تصدیق کی ہے۔ یہ علاقہ سعودی عرب کے اہم تیل اور گیس کے ذخائر کا مرکز ہے۔

حوثیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں میں مزید شدت لانے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ صنعاء اور صعدہ میں حوثیوں کے میزائل حملوں کے لیے استعمال ہونے والے لانچنگ مراکز کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں میں حوثیوں کی جانب سے آرامکو کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل سعودی شہر ظہران میں بھی کمپنی کے مرکزی دفتر کو حملے کے نتیجے میں نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ستمبر میں اس وقت شروع ہوا جب حوثیوں نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے درمیان اہم بحری گزرگاہ باب المندب کی جانب پیش قدمی کی، جس کے بعد سعودی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملوں میں تیزی دیکھی گئی۔

حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے اتوار کے حملوں میں ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، تاہم سعودی حکام کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں ہوائی اڈے پر ہونے والے ایک حملے میں 13 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

حوثیوں کے حملوں کے جواب میں سعودی عرب بھی یمن میں ان کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں کر رہا ہے۔ حوثیوں کے زیر انتظام یمن کی وزارت صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کو صنعاء کے قریب سعودی فضائی حملوں میں کم از کم 40 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ سعودی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے حوثیوں کے حملوں سے نمٹنے کے لیے امریکا، یورپی ممالک اور مشرق وسطیٰ کے بعض ملکوں سے دفاعی اور فوجی معاونت طلب کی ہے۔ برطانیہ نے بھی اکتوبر میں سعودی شہروں کو فضائی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دفاعی مشن پر لڑاکا طیارے بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

 

شیئر کریں:واٹس ایپایکسٹیلیگرام

اپنی رائے لکھیں