ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،6 خوارج ہلاک،2 فوجی جوان شہید-شہید ہونے والے جوانوں میں نائب نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد شامل ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے زرکانی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 24 اکتوبر کو کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں نائب نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد شامل ہیں۔ 36 سالہ نائب نائیک غلام مرتضیٰ کا تعلق ضلع گجرات جبکہ 30 سالہ سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ہلاک افراد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔





