جنگی تھکن اتارنے5 ہزار امریکی فوجیوں کا تھائی لینڈ میں پڑاؤ

جنگی تھکن اتارنے5 ہزار امریکی فوجیوں کا تھائی لینڈ میں پڑاؤ-وہیں مقامی کاروبار اور سیاحت کے شعبے کے لیے بھی اضافی آمدنی کا ذریعہ بن رہا ہے۔

جنگی تھکن اتارنے 5 ہزار امریکی فوجیوں کا تھائی لینڈ میں پڑاؤ-ایران اور مشرقِ وسطیٰ میں طویل فوجی تعیناتی کے بعد تقریباً 5 ہزار امریکی فوجی اہلکار آرام اور تفریح کے لیے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا پہنچ گئے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کے اہلکار پٹایا میں تقریباً پانچ روز قیام کریں گے۔ اس دوران انہیں آرام، خریداری اور شہر میں تفریح کا موقع ملے گا۔

رپورٹ کے مطابق کئی فوجی اہلکار خریداری کے علاوہ مساج، ذاتی استعمال کی اشیا اور تحائف خریدنے میں مصروف ہیں، جبکہ بعض مقامی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ کچھ اہلکاروں نے اپنی ضروریات کے ساتھ اہل خانہ کے لیے تحائف خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن کا عملہ مشرقِ وسطیٰ میں فوجی کارروائیوں اور ایران سے متعلق کشیدگی کے دوران تقریباً 286 روز تک سمندر میں تعینات رہا۔

طویل عرصے تک بحری جہاز پر رہنے کے باعث فوجیوں کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق خدشات بھی سامنے آئے۔ بعض اہلکاروں کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ خودکشی کی کوششوں کے واقعات کی بھی اطلاعات سامنے آئیں۔

بحری جہاز کے کمانڈنگ افسر نے طویل تعیناتی کے دوران عملے کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے تازہ پھلوں اور سبزیوں کی محدود دستیابی جیسے مسائل کا بھی اعتراف کیا۔

پٹایا میں امریکی فوجیوں کی بڑی تعداد میں آمد سے مقامی کاروباری طبقے نے بھی فائدہ اٹھانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔

مقامی درزی فوجیوں کو مختصر وقت میں کپڑے تیار کرکے دینے کی پیشکش کر رہے ہیں، جبکہ بعض ریسٹورنٹس نے امریکی اہلکاروں کے لیے خصوصی رعایتیں بھی متعارف کرائی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کچھ بین الاقوامی فاسٹ فوڈ اور ملبوسات کے برانڈز کی فروخت میں اضافے کی اطلاعات ہیں، تاہم بعض چھوٹے کاروباری مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں توقع کے مطابق کاروباری فائدہ حاصل نہیں ہوا۔

پٹایا کے میئر پورامت نگام پچیت کے مطابق اگر ہر امریکی فوجی روزانہ اوسطاً 100 سے 150 ڈالر خرچ کرے تو پانچ روزہ قیام کے دوران مقامی معیشت کو تقریباً 100 ملین تھائی بھات، یعنی لگ بھگ 3 ملین ڈالر کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

یوں کئی ماہ تک جاری رہنے والی سمندری تعیناتی کے بعد امریکی فوجیوں کا پٹایا میں مختصر قیام جہاں انہیں آرام اور تفریح کا موقع فراہم کر رہا ہے، وہیں مقامی کاروبار اور سیاحت کے شعبے کے لیے بھی اضافی آمدنی کا ذریعہ بن رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes