ایران کے ساتھ جنگ کا جلد نتیجہ سامنے آئے گا،ڈونلڈ ٹرمپ-امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے حوالے سے جلد کوئی نہ کوئی نتیجہ سامنے آ جائے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے یا ختم کرنے سے متعلق فیصلہ بھی آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔
امریکی ٹی وی چینل نیوز نیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ محدود پیمانے پر بات چیت ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق جلد فیصلہ کیا جائے گا کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے یا اسے ختم کر دیا جائے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ایران سے متعلق اہم پیش رفت وسط مدتی انتخابات کے بعد سامنے آئے گی، تاہم آنے والے دن اس حوالے سے اہم ثابت ہوں گے اور صورتحال واضح ہو جائے گی۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف فوجی محاذ پر امریکا اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ان کے بقول امریکا کو فوجی طاقت اور مالی وسائل، دونوں شعبوں میں برتری حاصل ہے۔





