ندا ڈار نے قومی ٹیم کے لیے اپنی دستیابی کا دوبارہ اعلان کر دیا-پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار نے قومی ٹیم کے لیے اپنی دستیابی کا دوبارہ اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں ندا ڈار نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ کچھ عرصہ اپنی فٹنس، ذہنی یکسوئی اور کھیل پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے وقف کیا۔ ان کے مطابق اس دوران انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے اور خود کو مضبوط بنانے پر کام کیا۔
ندا ڈار نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بار پھر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں اور موقع ملنے پر اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مسلسل محنت کر رہی ہیں اور جب بھی قومی ٹیم کو ان کی ضرورت پڑی، وہ ذمہ داری نبھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں گی۔
واضح رہے کہ ندا ڈار پاکستان ویمن کرکٹ کی تجربہ کار کھلاڑیوں میں شمار ہوتی ہیں اور ماضی میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کر چکی ہیں۔