ن لیگ اور پی پی میں ممکنہ اتحاد کےامکانات-گلگت بلتستان میں سیاسی صورتحال کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ممکنہ اتحاد کے امکانات سامنے آ رہے ہیں، جس کے تحت نئی حکومت کی تشکیل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد پی ڈی ایم طرز کے فارمولے پر تشکیل پا سکتا ہے، جس میں وزارتوں اور حکومتی عہدوں کی تقسیم پر بھی ابتدائی اتفاقِ رائے سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ کا منصب پیپلز پارٹی کو جبکہ گورنر کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کو ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجوزہ اتحادی حکومت میں وزارتوں کی تقسیم 60/40 کے فارمولے کے تحت کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی سیاسی ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ ملاقات میں وفاقی بجٹ سمیت اہم قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان بجٹ تجاویز پر بھی پیش رفت ہوئی ہے اور متعدد نکات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اسی طرح سیاسی رابطوں کے دوران گلگت بلتستان کی صورتحال اور آئندہ حکومتی سیٹ اپ پر بھی غور کیا گیا۔
تاہم حکومتی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے تاحال کسی حتمی معاہدے یا فیصلے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔