راولپنڈی: پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) نے خطے میں امن و استحکام کے عزم کے لیے مشترکہ فوجی مشق ’’وارئیر-IX‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نویں قسط دو طرفہ انسداد دہشت گردی مشقوں کی ہے، جو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر، پبی میں شروع ہوئی۔ مشق کا مقصد مشترکہ آپریشنز میں ہم آہنگی بڑھانا، پیشہ ورانہ مہارتیں نکھارنا اور جدید جنگی تکنیکوں کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان اور چین کی دیرینہ دفاعی شراکت اور باہمی اعتماد پر مبنی اسٹریٹجک تعاون کے تسلسل کے طور پر یہ مشق دونوں ممالک کے مضبوط عسکری تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
مشترکہ فوجی مشق کی افتتاحی تقریب میں منگلا کور کے کمانڈر اور چینی فوج کی ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف میجر جنرل بیان شیاؤمنگ سمیت دونوں ممالک کے سینئر عسکری حکام نے شرکت کی۔