ن لیگی سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر، ممتاز صحافی، کالم نگار اور معلم عرفان صدیقی مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
سینیٹر عرفان صدیقی کے بیٹے عمران صدیقی نے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا:
“سینیٹر عرفان صدیقی وفات پا گئے۔ میرے استاد، محبت کے پیکر عرفان صدیقی کے انتقال پر دل انتہائی بوجھل اور افسردہ ہے۔”
ان کے مطابق عرفان صدیقی کی تدفین اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں کی جائے گی۔
گزشتہ روز عرفان صدیقی کو طبیعت ناسازی کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں رات گئے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
قومی قیادت کا اظہار افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
“مرحوم نے جمہوریت کے استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، وہ ایک علم دوست اور شائستہ شخصیت کے مالک تھے۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ
“پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہوگیا ہے۔ عرفان صدیقی نے علم، برداشت اور دلیل کو ہمیشہ اپنی تحریر اور زندگی کا محور بنایا۔”
انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
نواز شریف کا پیغام
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا کہ
“عرفان صدیقی میرے انتہائی مخلص اور بااعتماد بھائی تھے۔ ان کا قلم اور ان کی حریتِ فکر پاکستان کی سیاست و صحافت کا اہم حصہ رہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی ایک روشن دماغ، عاجز مزاج اور منفرد لکھاری تھے، ان کا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔
دیگر رہنماؤں کے تعزیتی پیغامات
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ
“عرفان صدیقی صحافت اور سیاست دونوں میں اعلیٰ روایات کے علمبردار تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔”
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ
“پاکستانی سیاست ایک باوقار، شائستہ اور باعلم سیاستدان سے محروم ہو گئی ہے۔ عرفان صدیقی سیاست کا وقار تھے۔”
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ
“مرحوم مدلل مقرر، اعلیٰ تہذیبی ورثے اور اصول پسندی کے پیکر تھے۔ ان کی شخصیت شائستگی اور متانت کی علامت تھی۔”
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون۔