لندن: برطانیہ کے علاقے لنکن شائر میں موجود ایک فارم کے دو گدھوں نے اپنی منفرد خصوصیات کے باعث عالمی شہرت حاصل کر لی ہے، دونوں کو گنیز ورلڈ ریکارڈز 2026 ایڈیشن میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ریڈکلف ڈونکی سینکچوری کے گدھے “ڈائنامک ڈیرک” اور “بامبو” نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کی۔ ڈیرک کو دنیا کا سب سے اونچا گدھا قرار دیا گیا ہے، جس کی اونچائی 167 سینٹی میٹر (5 فٹ 5 انچ) ہے، جب کہ بامبو نے سب سے لمبے کانوں والے گدھے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے، جس کے کانوں کی لمبائی 35 سینٹی میٹر (ایک فٹ ایک انچ) ناپی گئی۔
فارم کی مالک ٹریسی گارٹن کے مطابق، ڈیرک کو دیکھنے والے اکثر اسے خچر سمجھ بیٹھتے ہیں، حالانکہ وہ خالص نسل کا امریکی “میمتھ جیک سٹاک” گدھا ہے۔ ٹریسی کا کہنا تھا کہ ڈیرک نرم دل اور دوستانہ مزاج رکھتا ہے، اسے ادرک والے بسکٹ اور گاجریں کھانے کا بہت شوق ہے۔
دوسری جانب بامبو اپنی خوبصورت، ریشمی لمبی کانوں اور خوش مزاجی کے باعث سینکچوری کا سب سے زیادہ پسندیدہ گدھا بن چکا ہے۔ زائرین آتے ہی سب سے پہلے بامبو سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
فارم کی انتظامیہ کے مطابق، دونوں گدھے نہ صرف منفرد جسمانی خصوصیات رکھتے ہیں بلکہ اپنی نرم طبیعت اور انسان دوست رویے سے سب کے دل جیت لیتے ہیں۔