اینٹوں کے بھٹے سے ڈالرز تک کا سفر،20 سالہ نوجوان کی کہانی وائرل،ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ خانزادہ کی کامیابی کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جسے لوگ نوجوانوں کے لیے ایک متاثرکن مثال قرار دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خانزادہ نے کم عمری میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کیا، تاہم حالات بدلنے کے بعد انہوں نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے تحت مفت تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔
تربیت کے دوران انہوں نے گرافک ڈیزائننگ، کینوا اور دیگر ڈیجیٹل ٹولز سیکھے اور بعد ازاں فری لانسنگ کا آغاز کیا، جس کے ذریعے وہ اب آن لائن غیر ملکی کرنسی کما رہے ہیں۔
خانزادہ کا کہنا ہے کہ پہلے زندگی انتہائی مشکل تھی اور مستقبل غیر یقینی نظر آتا تھا، لیکن سیکھنے کے مواقع نے ان کی زندگی بدل دی۔
انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حالات چاہے کتنے بھی مشکل ہوں، سیکھنے اور محنت کا سلسلہ نہیں چھوڑنا چاہیے۔
حکام کے مطابق ایسے پروگراموں کا مقصد دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں سکھا کر بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، جس سے ملک میں ہزاروں نوجوان فری لانسنگ کے ذریعے آمدن حاصل کر رہے ہیں۔