مظفر گڑھ میں عمر کی قید کو توڑتے ہوئے ایک 55 سالہ شخص نویں جماعت کے امتحانات میں شریک ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق غلام قادر نامی شہری نے ثابت کیا ہے کہ علم کے حصول کے لیے عمر کوئی رکاوٹ نہیں۔ وہ اس وقت نویں جماعت کے امتحانات دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ بھرپور تیاری کے ساتھ امتحان میں شریک ہوئے ہیں۔
غلام قادر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کے بچے تعلیم یافتہ ہیں اور انہوں نے ہی انہیں دوبارہ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ ان کے مطابق وہ پہلے بھی میٹرک کے امتحانات میں دو بار ناکام ہو چکے ہیں، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخری بار 13 سال قبل نویں جماعت کا امتحان دیا تھا اور اب وہ ایک بار پھر تعلیم کا سفر جاری رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
غلام قادر نے کہا کہ علم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی اور وہ اپنی تعلیم کو مکمل کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔