فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سرگرم دشمن عناصر اور ان کی خفیہ ایجنسیوں کی کارروائیوں سے ریاست مکمل طور پر باخبر ہے، اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا پوری قوت کے ساتھ خاتمہ کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کا دورہ کیا، جہاں صدر این ڈی یو نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب بھی کیا۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ جدید دور میں جنگ کی نوعیت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جس کے پیش نظر پاکستان کی مسلح افواج بھی اپنی حکمت عملی، تربیت اور صلاحیتوں کو نئے تقاضوں کے مطابق بہتر بنا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں اسٹریٹجک سوچ، پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط ادارہ جاتی صلاحیتیں ہی کامیابی کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے ادارے مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کو روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کر رہے ہیں، جو قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی نیٹ ورکس پاکستان کے امن، استحکام اور معاشی ترقی کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے گی اور قوم کی بھرپور حمایت سے دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے ختم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگیں صرف بیانات، سیاسی نعروں یا میڈیا مہمات سے نہیں جیتی جاتیں بلکہ ایمان، اتحاد، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ تیاری ہی حقیقی کامیابی کی ضمانت ہوتے ہیں۔ فیلڈ مارشل نے پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے گریجویٹنگ افسران کو دیانت داری، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بنیادی اصول بنانے کی تلقین کی۔