مواد پر جائیں
تازہ ترین
تازہ ترین

فجیرہ میں قیامت خیز حادثہ،14 افراد جاں بحق،30 زخمی،پاکستانی بھی متاثر

تحریر: muhammad aamir پڑھنے کا وقت: 2 منٹ 1
فجیرہ میں قیامت خیز حادثہ،14 افراد جاں بحق،30 زخمی،پاکستانی بھی متاثر
فجیرہ میں قیامت خیز حادثہ،14 افراد جاں بحق،30 زخمی،پاکستانی بھی متاثر
متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ٹرک اور متعدد گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد ٹرک میں لگنے والی آگ نے کئی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق حادثہ رات 12 بجے سے قبل اس وقت پیش آیا جب ٹریفک سست رفتاری سے رواں تھا اور ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا۔ بے قابو ٹرک پہلے ایک گاڑی سے ٹکرایا اور پھر سڑک پر موجود دیگر گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔

حکام کے مطابق حادثے میں پانچ ٹرکوں سمیت مجموعی طور پر 23 گاڑیاں متاثر ہوئیں۔ تصادم کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی جو دوسری گاڑیوں تک بھی پھیل گئی، جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔

فجیرہ پولیس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 30 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے نصف کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا، جبکہ باقی زخمی تاحال زیر علاج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں اماراتی اور بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں بھارتی قونصل خانے نے اپنے شہریوں کی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور مقامی حکام کے تعاون سے انہیں ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق زخمیوں میں اماراتی، عمانی، بھارتی، برازیلی، پاکستانی، اردنی اور مصری شہری شامل ہیں۔

حادثے کے فوری بعد پولیس، طبی امداد اور شہری دفاع کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور سڑک کو محفوظ بنایا۔ پولیس اور وزارت داخلہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

شیئر کریں:واٹس ایپایکسٹیلیگرام

اپنی رائے لکھیں