حکومت کا مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ-حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سیاسی اختلافات کم کرنے اور بات چیت کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حکومت پر مسلسل تنقید اور مبینہ ریاست مخالف بیانیے کے معاملے پر وزیراعظم اسی ہفتے سیاسی مشاورت کے لیے اہم اجلاس طلب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا اور انہیں دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔
حکومتی وفد ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان سے ان کے بیانات اور ریاست مخالف مؤقف سے متعلق تحفظات بھی سامنے رکھے گا اور انہیں یہ بیانیہ ترک کرنے کی سفارش کرے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومت سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے آگے بڑھانے کے لیے مولانا فضل الرحمان سے رابطے بحال کرنا چاہتی ہے۔





