گرومندر میں ریسٹورینٹ پر فائرنگ،ملزمان فرار

دو مسلح ملزمان موٹر سائیکل پر ریسٹورینٹ کے باہر پہنچے اور دروازے کی جانب متعدد گولیاں چلائیں

گرومندر میں ریسٹورینٹ پر فائرنگ،ملزمان فرار-کراچی کے علاقے گرومندر میں ایک نجی ریسٹورینٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 63 سالہ شخص زخمی ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

پولیس کے مطابق دو مسلح ملزمان موٹر سائیکل پر ریسٹورینٹ کے باہر پہنچے اور دروازے کی جانب متعدد گولیاں چلائیں۔ فائرنگ کی زد میں آکر 63 سالہ ریاض زخمی ہوا، جو مبینہ طور پر گداگری کرتا ہے۔

فائرنگ سے ریسٹورینٹ کا شیشے کا دروازہ بھی ٹوٹ گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 5 خول برآمد کیے جبکہ گولیوں سے بھرا ایک میگزین بھی ملا، جو مبینہ طور پر فرار ہوتے ملزمان سے گر گیا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کے بعد زخمی شخص کو دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ملزمان واردات کے فوراً بعد موٹر سائیکل پر فرار ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریسٹورینٹ کے مالک کو بھتے کے حوالے سے کوئی کال موصول نہیں ہوئی۔ واقعے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہوسکے، جن کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes