راولپنڈی میں فراڈ کال سینٹر پر چھاپہ،28 مبینہ ملزمان گرفتار
راولپنڈی میں فراڈ کال سینٹر پر چھاپہ،28 مبینہ ملزمان گرفتار
راولپنڈی میں فراڈ کال سینٹر پر چھاپہ،28 مبینہ ملزمان گرفتار-راولپنڈی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن فراڈ میں ملوث مبینہ کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 28 افراد کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد میں 24 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں، جبکہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں کمپیوٹرز اور موبائل فونز بھی قبضے میں لیے گئے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر یہ نیٹ ورک ٹیلیگرام اور جعلی فیس بک اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں سے رابطہ کرتا اور انہیں جعلی ای کامرس پلیٹ فارمز اور سرمایہ کاری کی اسکیموں میں رقم لگانے کے لیے راغب کرتا تھا۔ تحقیقات میں فراڈ کے باعث متعدد شہریوں کو مالی نقصان پہنچنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
تحقیقاتی ادارے کے مطابق کال سینٹر مبینہ طور پر ایک چینی شہری چلا رہا تھا، جسے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا جارہا ہے۔ کارروائی سے قبل مبینہ ماسٹر مائنڈ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
گرفتار افراد میں مبینہ طور پر کال سینٹر کے پاکستانی ملازمین بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک سے وابستہ مزید افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی راولپنڈی میں درج مقدمہ نمبر 1916/2026 کے تحت کی گئی، جس میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) اور پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق آن لائن فراڈ نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ ۔
