ایران نے آئی اے ای اے کی قرارداد مسترد کر دی
ایران نے آئی اے ای اے کی قرارداد مسترد کر دی
ایران نے آئی اے ای اے کی قرارداد مسترد کر دی-ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی قرارداد کو مسترد کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی سفیر غلام حسین درزی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ کر ایران کا مؤقف پیش کیا۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کے حوالے سے سامنے آنے والے نئے الزامات تکنیکی کے بجائے سیاسی نوعیت کے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جوہری پروگرام سے متعلق بے بنیاد الزامات اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوششوں کو قبول نہیں کرتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی اے ای اے ایران میں یورینیئم کی باقیات سے متعلق معائنے کے معاملے کو سلامتی کونسل تک پہنچا چکی ہے۔
دوسری جانب چین نے بھی ایران کے خلاف امریکی حمایت یافتہ آئی اے ای اے کی قرارداد کی مخالفت کی ہے۔ بیجنگ نے خبردار کیا کہ سیاسی دباؤ اور محاذ آرائی سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
چین نے ایران کے جوہری معاملے کے حل کے لیے مذاکرات کی طرف واپسی پر زور دیا ہے۔
