مواد پر جائیں
تازہ ترین
انٹرنیشنل

دو مسافر طیارے فضا میں ٹکرانے سے بال بال بچ گئے

تحریر: muhammadaamiraa49@gmail.com پڑھنے کا وقت: 2 منٹ 1
دو مسافر طیارے فضا میں ٹکرانے سے بال بال بچ گئے
لاس اینجلس ایئرپورٹ پر دو مسافر طیارے فضا میں ٹکرانے سے بال بال بچ گئے

دو مسافر طیارے فضا میں ٹکرانے سے بال بال بچ گئے-دونوں طیاروں کے درمیان عمودی فاصلہ صرف 301 فٹ رہ گیا تھا جبکہ افقی فاصلہ ایک میل سے بھی کم تھا

امریکی شہر لاس اینجلس کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت مداخلت نے دو مسافر طیاروں کو فضا میں ممکنہ تصادم سے بچا لیا۔ دونوں طیارے ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ایک دوسرے کے انتہائی قریب آگئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 7 نومبر 2026 کی شب لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا، جہاں ایئر فرانس کی پرواز اے ایف 28 اور امریکن ایئرلائنز کی پرواز اے اے 1660 نے چند سیکنڈ کے وقفے سے الگ الگ رن ویز سے اڑان بھری۔

ایئر فرانس کا ایئربس اے 350 طیارہ تاہیٹی جبکہ امریکن ایئرلائنز کا ایئربس اے 321 طیارہ ڈیلس جا رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ایئر فرانس کے پائلٹس کو ٹیک آف کے بعد سیدھا پرواز جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم انہوں نے اجازت کے بغیر اچانک بائیں جانب موڑ کاٹ لیا۔

اس دوران امریکن ایئرلائنز کا طیارہ بھی اسی سمت میں آگے بڑھ رہا تھا، جس کے باعث دونوں جہازوں کے راستے ایک دوسرے سے متصادم ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں طیاروں کے درمیان عمودی فاصلہ صرف 301 فٹ رہ گیا تھا جبکہ افقی فاصلہ ایک میل سے بھی کم تھا۔ صورتحال کی سنگینی بھانپتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر ہنگامی ہدایات جاری کیں اور دونوں طیاروں کے پائلٹس کو راستہ تبدیل کرنے کا حکم دیا۔

کنٹرولر کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ممکنہ فضائی حادثہ ٹل گیا اور دونوں طیارے محفوظ رہے۔ واقعے میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کو نقصان نہیں پہنچا اور دونوں پروازیں اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئیں۔

امریکی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ ایئر فرانس کے طیارے نے مقررہ ہدایات کے برخلاف اچانک رخ کیوں تبدیل کیا۔

 

شیئر کریں:واٹس ایپایکسٹیلیگرام

اپنی رائے لکھیں