سعودی عرب میں حادثہ،7بنگلہ دیشی جاں بحق-حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے جدہ کے ایک جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں مدینہ سے جدہ جانے والی شاہراہ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 7 بنگلہ دیشی شہری جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق افسوسناک حادثہ ہفتے کی شام اس وقت پیش آیا جب بنگلہ دیشی شہریوں کو لے جانے والی ایک بس مدینہ سے جدہ کی جانب رواں دواں تھی۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ایک ٹرک نے بس کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں سات افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کی تصدیق جدہ میں تعینات بنگلہ دیش کے قونصل جنرل نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے جدہ کے ایک جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تمام سات افراد کا تعلق بنگلہ دیش کے ضلع کاکس بازار کے علاقے چکاریا سے تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کا آپس میں خاندانی تعلق تھا اور وہ جدہ میں قائم العبیر کولڈ اسٹورز ٹریڈنگ کمپنی سے وابستہ تھے۔
حادثے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں غم کی فضا ہے، جبکہ زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔





