پی پی 203 چیچہ وطنی میں ن لیگ کامیاب،این اے 77 گوجرانوالہ میں گنتی جاری-پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد اسد حنیف کامیاب ہوگئے، جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 203 سے مسلم لیگ ن کے محمد اسد حنیف نے 42 ہزار 114 ووٹ حاصل کیے، جبکہ تحریک احساس پاکستان کے محمد اویس محمود 24 ہزار 512 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب این اے 77 گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کے راشد بشیر ورک اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے قاضی ابراہیم گجر کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ الفت رسول وڑائچ آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
اس حلقے کے 333 پولنگ اسٹیشنز میں سے 222 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے راشد بشیر ورک 24 ہزار 808 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم 17 ہزار 963 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 77 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 18 ہزار ہے اور حلقے میں مجموعی طور پر 333 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اس نشست پر امیدوار نامزد نہیں کیا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کیا ہے۔
واضح رہے کہ این اے 77 کی نشست مسلم لیگ ن کے محمود بشیر ورک جبکہ پی پی 203 کی نشست حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
ادھر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے الزام لگایا ہے کہ گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان پولنگ عملے کی موجودگی میں سرعام انتخابی مہریں لگاتے رہے۔ انہوں نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی اور دعویٰ کیا کہ اس میں قاضی ابراہیم گجر کے پولنگ ایجنٹس دکھائی دے رہے ہیں۔





