بھارت کے خلاف سنچری،حمزہ ظہور کا میچ سے پہلے لکھا پیغام وائرل-عمان کے شہر الامارات میں انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دی۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز حمزہ ظہور کی بھارت کے خلاف شاندار سنچری کے ساتھ میچ سے قبل خود کو لکھا گیا پیغام بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
عمان کے شہر الامارات میں انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.3 اوورز میں 208 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور محض 61 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے، تاہم حمزہ ظہور نے ایک طرف وکٹ سنبھالے رکھی اور حسنین عباس کے ساتھ اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔
حمزہ ظہور نے 108 گیندوں پر تین چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 100 رنز بنائے۔ پاکستان نے ہدف 49ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ حمزہ کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس مقابلے میں بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے 85 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ پاکستان کے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے بعد حمزہ ظہور کا ایک سفید کاغذ بھی توجہ کا مرکز بن گیا، جس پر انہوں نے مقابلے سے پہلے اپنے لیے پیغام لکھا تھا کہ وہ اگلے میچ میں ان شاء اللہ 50 رنز بنائیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے نصف سنچری کے بجائے ناقابلِ شکست سنچری بنا ڈالی۔
صحافی فیضان لاکھانی سمیت متعدد صارفین نے حمزہ کے اس پیغام کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان بلے باز نے پہلے اپنے ہدف کا تعین کیا، پھر میدان میں اسے حقیقت بنا دیا۔
سابق پاکستانی کرکٹر محمد یوسف نے بھی حمزہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر بڑے کیریئر کا آغاز ایک پہلے قدم سے ہوتا ہے اور یہ ایک امید افزا آغاز ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑی کو محنت جاری رکھنے اور آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔
میزبان زینب عباس نے بھی حمزہ کی ذمہ دارانہ اننگز کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوان ٹیلنٹ کو موقع ملتے دیکھنا خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق بھارتی بلے باز ارجن راجپوت نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔
بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم گروپ اے میں سرفہرست آگئی ہے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات اور جاپان کو بھی شکست دے چکی ہے۔





