کرکٹر حیدر علی ریپ کیس سے بری
پاکستانی کرکٹر حیدر علی پر ریپ کا الزام بے بنیاد ثابت، مانچسٹر پولیس نے کیس ختم کردیا
مانچسٹر پولیس نے پاکستانی کرکٹر حیدر علی کے خلاف مبینہ ریپ کیس ناکافی شواہد کی بنا پر خارج کردیا۔
ذرائع کے مطابق حیدر علی کو الزام سے بری ہونے کے بعد چند گھنٹوں میں پاسپورٹ واپس مل جائے گا، جس کے بعد وہ آزادانہ طور پر برطانیہ آنے جانے کے قابل ہوں گے۔
پولیس نے کرکٹر کے خلاف مزید تحقیقات کے لیے وقت لیا تھا لیکن کوئی ثبوت سامنے نہ آنے پر کیس ختم کردیا گیا۔
یاد رہے کہ ایک خاتون کی جانب سے الزامات کے بعد حیدر علی کو دو ہفتے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق 4 اگست کو شکایت درج کرائی گئی تھی جس میں الزام تھا کہ 23 جولائی کو مانچسٹر میں واقعہ پیش آیا۔
تحقیقات کے دوران 24 سالہ کھلاڑی کو ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ یہ معاملہ پاکستان شاہینز کے دورۂ انگلینڈ کے دوران سامنے آیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی کیس میں نام آنے پر حیدر علی کو معطل کر دیا تھا، بورڈ کے مطابق کھلاڑی پولیس کی تحقیقات کا حصہ تھے۔